پاکستا نی قوم5 فروری کو یو م یکجہتی کشمیر منا ئے گی، غزہ فلسطینیوں کا اور کشمیر کشمیریوں کا ہے۔ حافظ طا ہر محمود اشر فی

79

لاہور۔3فروری (اے پی پی):چیئر مین پاکستان علما ء کو نسل حافظ طا ہر محمود اشر فی نے کہا ہے کہ پاکستا نی قوم5 فروری کو یو م یکجہتی کشمیر منا ئے گی، اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت مسئلہ کشمیر حل کیا جائے، اقوام عالم کو مسئلہ فلسطین کے ساتھ ساتھ کشمیر پر بھی توجہ دینی چا ہیے،کشمیر میں فلسطین سے بھی زیادہ حالات بد ترین ہیں۔ ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں پریس کلب میں پر یس کا نفر نس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔

حافظ طا ہر محمود اشر فی نے کہا کہ غزہ فلسطینیوں کا اور کشمیر کشمیریوں کا ہے جسے دنیا کی کو ئی طاقت بھی جھٹلانہیں سکتی،کشمیر کی آزادی کیلئے مسلم امہ کو با ہمی اتحاد کا مظا ہرہ کرنا ہوگا، اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ دنیا کے دو مسائل ایسے ہیں جو75 سال سے حل طلب ہیں، ان میں ایک مسئلہ فلسطین اور دوسرا کشمیر ہے، بھارت وہی کچھ کشمیریوں کے ساتھ کررہا ہے جو اسرائیل فلسطینیوں کے ساتھ کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں و عالمی انسانی حقوق کے ادارے کشمیریوں اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو رکوانے میں کردار ادا کریں،پانچ فروری مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا دن ہے، اس دن یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیر کو بھارت سے کس طرح نجات حاصل کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے دنیا کو متحد کرنا ہوگا، اس سلسلے میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں پانچ فروری کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر پر اجتماعات منعقد کریں گی اورکشمیریوں کی آواز کے ساتھ آواز ملائیں گی۔

طاہر اشرفی نے مزیدکہا کہ کشمیر و فلسطین میں انسانی مظالم ڈھائے جا رہے ہیں،بھارت کشمیریوں کے حق کو غصب کرنا چاہتا ہے اس نے فلسطین کی طرح کشمیر میں بھی ہندو آباد کاری کی مہم شروع کر رکھی ہے ،مقبوضہ کشمیر کی عوام حق خود ارادیت کیلئے کھڑی ہے، آزادی کے متوالے قربانیاں دے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جیل مقبوضہ کشمیر بنا ہوا ہے،اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن اور پڑوسیوں کے ساتھ اچھا سلوک چاہتے ہیں لیکن مذاکرات کا راستہ کشمیر سے ہو کر گزرتا ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہر حکومت کی پہلی ترجیح مسئلہ کشمیر کا حل ہوتا ہے، پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر کے بغیر بات چیت نہیں کرے گا۔اس موقع پر مولانا اسداللہ فاروق، علامہ پیر زبیر عابد،مولانا محمد اصغر صدیقی، مولانا عبدالحکیم اطہر ، مفتی نسیم الاسلام، مولانا محمد اسلم قادری ، مولانا مبشر رحیمی و دیگر بھی موجود تھے۔