پاکستان 2021 ء میں اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے ساتھ مل کر عالمی یومِ ماحولیات کی میزبانی کرے گا

122

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال میں اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے ساتھ مل کر عالمی یومِ ماحولیات کی میزبانی کرے گا۔امسال عالمی یومِ ماحولیات کا موضوع “بحالیِ ماحولیاتی نظام”ہوگااور توجہ کا مرکز فطرت کے ساتھ تعلق کو دوبارہ بہتر کرنا رہے گا اور اس طرح اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی نظام کی بحالی کی صدی کا با قاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ عالمی یومِ ماحولیات ہر سال 5جون کو منایا جا تا ہے۔ یہ دن دنیا بھر میں ماحولیات کے متعلق آگاہی بیدار کرنے اور اقدامات کو فروغ دینے کا اہم دن گردانا جاتا ہے۔ وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اقوامِ متحدہ کی پانچویں ماحولیاتی اسمبلی کے موقع پر یو این ای پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینگر اینڈرسن سے مشترکہ طور پر ماحولیاتی تحفظ اور اس کے نقصان کی روک تھام اور عالمی طور پر ماحولیاتی نظام کی بحالی کے بہترین طریقے دوبارہ استعمال کرنے کے ارادہ کو تسلیم کیاہے۔وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی سر پرستی میں دنیا کی سب سے بہترین اور بڑی شجرکاری مہم ’’ٹین بلین ٹری سونامی‘‘ جس کا دورانیہ پانچ سال ہے ، کے تحت ملک میں جنگلات کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ تحفظ بھی فراہم کیا جائےگا۔ اس مہم میں جنگلات کے ساتھ ساتھ مینگروز کے تحفظ کے علاوہ شہری علاقوں جیسا کہ سکولوں، کالجوں، عوامی پارکوں اور گرین بیلٹس میں بھی پودے لگائے جائیں گے۔ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے نمٹنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ سے متعلق قدرتی حل کے لیے ماحولیاتی نظام کی بحالی کے فنڈز کا بھی بھرپور آغاز کیا ہے ۔ حال ہی میں، وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے پروٹیکٹیڈ ایریا زاینیشی ایٹیو کے تحت ملک بھر میں 50 ماڈل پروٹیکٹیڈ ایریاز بنائے ہیں اور گرین اسٹیمولس کے تحت85000 نوکریاں بھی دی گئی ہیں۔معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اس موقع پر کہا کہ حکومتِ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ کے حل کے لئے پر عزم ہے جس کے لئے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت جنگلوں کو بحال کرنےکے ساتھ ساتھ بڑھائے گا۔ ‪ملک امین اسلم نے یہ بھی کہا کہ یہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ہم امسال عالمی یومِ ماحولیات کی میزبانی کر رہے ہیں اور ماحولیاتی مسائل کے حل کے لئے عالمی بحالی کی کوششوں میں باقی ممالک کے ساتھ تعاون کریں گے۔‬عالمی یوم ماحولیات کا میزبان ہونے کی حیثیت سے پاکستان ماحولیاتی مسائل نمایاں کرے گااوراس متعلق ملکی اہم اقدامات کے متعلق معلومات اور ان کی عالمی سطح پر اہمیت و کردار پر روشنی ڈالے گا۔ تاہم، اس دن کو دنیا بھر میں کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کو ملحوظِ خاطر رکھ کر تقریبات اور سرگرمیوں کے ذریعہ منایا جائے گا۔ ‬‬ یو این ای پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینگر اینڈرسن نے کہا کہ 2020 ماحولیاتی مسائل کے اعتبار سے معاملہ فہمی ، بہت سے دیگرمسائل کا سامنا کرنے جن میں عالمی وباء ، ماحولیات، آلودگی اور فطرت کے مسائل شامل ہے، سے بھرپور سال تھا۔ 2021میں ہمیں مسائل کے حل کے لیے کام کرنا ہے اور اس عمل سے ہمیں یہ تسلیم کر لینا چاہیے کہ فطرت کی بحالی ہماری کرہ ارض اور انسانیت کی بقاء کے لیے لازم و ملزوم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ملکی جنگلات کی بحالی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان عالمی یومِ ماحولیات 2021 کی میزبانی کر رہا ہے اور تمام قوموں کی اقوام متحدہ کی بحالیِ ماحولیاتی نظام کی صدی کے ذریعے ماحولیاتی نظام کے بگاڑ کی بحالی کی سربراہی بھی کرے گا۔ اقوام متحدہ کی بحالیِ ماحولیاتی نظام کی صدی تباہ شدہ ماحولیاتی نظام، موسمیاتی مسائل، جانوروں کی بہت سی اقسام کا تحفظ، خوراک، صاف پانی کی فراہمی اور ذریعہ معاش کی بہتری میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کاربن کو قدرتی طور پر جذب کرنے والے وسائل جیسا کہ جنگلات اگائے جائیں جس سےکاربن ایمیشن گیپ 2030 تک 25 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے ۔ ماحول دوست پودے لگانے سے گرمی میں اضافہ کرنے والے بہت سے تباہ کن اثرات جن میں جنگلات کی آگ شامل ہے ، سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی بحالیِ ماحولیاتی نظام کی صدی جو کہ 2021 سے 2030تک رہے گی، اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کو پورا کرنے کا بھی آخری سال ہے جس کی نشاندہی سائنسدان ماحولیاتی تباہی کو بہتر کرنے کے آخری موقع کے طور پر بھی کرتے ہیں۔ تاہم، ضرورت کے مطابق بحالی کے نظام کو چلانے کے لئے مالی سرمایہ کاری اور مراعات بھی درکار ہیں تاکہ تحقیقات اور تعلیم و تربیت کے ذریعہ عوام میں آگاہی بیدار کی جا سکے۔