پاکستان آذربائیجان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے،ڈاکٹر مصدق ملک

200

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نےان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں بات چیت کا محور پاکستان آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال تھا۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پا کستان آذربائیجان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، تیل اور گیس کے شعبے میں شراکت داری دیگر شعبوں جیسے کہ شعبہ سیاحت کو بھی فروغ دے سکتی ہے۔

سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ آذربائیجان‘ ترکی -آذربائیجان تعلقات کی طرز پر پاکستان سے برادرانہ تعلقات کو اقتصادی تعلقات میں بدلنے کا خواہاں ہے۔وزیر مملکت نے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو سراہا اور انہیں مزید فروغ دینےکے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے توانائی پر ورکنگ گروپس کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے پیٹرولیم ڈویژن سے ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا،وزیر موصوف نے ایل این جی سیکٹر میں آذربائیجان کی سرکاری تیل کمپنی سوکارکی 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جو ٹرمینل اسٹیبلشمنٹ ،قلیل مدتی قرضوں اور موخر ادائیگی کی صورت میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کے پیش نظر اس طرز کی سرمایہ کاری اور شراکت داری ایک زبردست موقع ہے۔ملاقات کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک اس شعبے میں تعاون بڑھائیں گے۔

سفیر نے آذربائیجان کے لیے پاکستان کی غیر مشروط حمایت کی تعریف کی اور تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔سفیر نے مزید کہا کہ جون میں شروع ہونے والی اسلام آباد سے باکو تک براہ راست پروازوں کے آپریشن سے لوگوں کے درمیان رابطوں کو فروغ ملے گا۔