پاکستان ائیر فورس ویمنز ایسوسی ایشن نے اب تک 28.3 ملین روپے جمع کرکے پی اے ایف فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کرا دیئے، ترجمان پاک فضائیہ

119

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):پاکستان ائیر فورس ویمنز ایسوسی ایشن (پفوا)نے فلڈ ریلیف مہم میں اب تک 28.3 ملین روپے جمع کئے ہیں،یہ رقم "پی اے ایف فلڈ ریلیف فنڈ” میں جمع کرا دی گئی ہے، پفوا کی انتھک کوششوں اور پاک فضائیہ کی خواتین کی فعال شرکت کے نتیجہ میں بڑی مقدار میں مردوں، خواتین، بچوں کے ملبوسات، کمبل/لحاف، بستر اور دوائیں جمع کی گئی ہیں۔

جمعہ کو ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں اور قومی سطح پر سیلاب کی تباہ کاریوں کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پورے ملک میں انسانیت کو بچانے کے لئے قومی سطح کی کوششوں اور تعاون کی ضرورت ہے۔

پاکستان ائیر فورس ویمنز ایسوسی ایشن (پفوا)ایک فلاحی تنظیم ہونے کے ناطے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی تکالیف کو کم کرنے کے لئے امدادی سرگرمیوں کے انعقاد کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے،اس سلسلے میں تقریب میں پاکستان ایئر فورس ویمنز ایسوسی ایشن نے صدر پفوا بیگم ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی متحرک قیادت میں کمیونٹی سینٹر ایئر ہیڈکوارٹرز ،اسلام آباد میں پفوا ممبران، بیگم چیئرمین پی اے سی بورڈ کامرہ اور دیگر نے شرکت کی۔

پی اے ایف ریجنل ایئر کمانڈز اور پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ کی خواتین اور پفوا کی چیئرپرسنز نے پاک فضائیہ کے تمام ایئر بیسز پر پفوا ریلیف کیمپس قائم کئے ہیں تاکہ ضرورت مندوں کے لئے مالی عطیات، کپڑے، دیگر اشیاء اور ادویات اکٹھی کی جا سکیں۔پفوا کی انتھک کوششوں اور پاک فضائیہ کی خواتین کی فعال شرکت کے نتیجہ میں بڑی مقدار میں مردوں، خواتین، بچوں کے ملبوسات، کمبل/لحاف، بستر اور دوائیں جمع کی گئی ہیں۔

یہ عطیات ضرورت مندوں میں تقسیم کرنے کے لئے پاک فضائیہ کی جانب سے ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قائم کئے گئے فلڈ ریلیف کیمپوں میں بھیجے جا رہے ہیں۔پفوا نے فلڈ ریلیف مہم میں اب تک 28.3 ملین روپے جمع کئے ہیں۔ پفوا کی طرف سے جمع کی گئی مالی رقم "پی اے ایف فلڈ ریلیف فنڈ” میں جمع کرا دی گئی ہے۔

چیف لائزن آفیسر پفوا ایئر کموڈور شاہد رضا خان نے ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف (ایڈمنسٹریشن) ایئر مارشل حامد رشید رندھاواکو 28.3 ملین روپے کا چیک پیش کیا، یہ رقم پاک فضائیہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے استعمال کر رہی ہے۔پفوا کی صدر بیگم ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا وژن، خواتین کی فعال شرکت اور اس نیک مقصد میں حصہ ڈالنے میں پاک فضائیہ کی خواتین کا بھرپور جذبہ انتہائی قابل تحسین ہے۔