پاکستان ادارہ شماریات نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ساتویں خانہ و مردم شماری سے متعلق تمام مطلوبہ معلومات فراہم کر دیں

217
Pakistan Bureau of Statistics
Pakistan Bureau of Statistics

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو ساتویں خانہ و مردم شماری سے متعلق تمام مطلوبہ معلومات فراہم کر دی ہیں۔

ان معلومات میں مردم شماری چارجز، سرکلز اور بلاکس کا گزٹ نوٹیفکیشن، 1,85,514 بلاکس ، سرکلز اور چارجز ( ما سوائےسندھ) کے ڈیجیٹائزڈ نقشوں کے رنگین پرنٹ اور مردم شماری بلاک کے لحاظ سے اعداد و شمار وغیرہ شامل ہیں

تاہم سندھ کےڈیجیٹائزڈ نقشوں کے رنگین پرنٹ 30 اگست 2023 تک فراہم کر دئیے جائیں گے۔ 05 اگست2023 کو سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے 50 ویں اجلاس میں ساتویں مردم شماری کے نتائج متفقہ طور پر منظور کر لیے گئے تھے۔

مردم شماری کے اعداد و شمار پاکستان میں عام انتخابات کے انعقاد کے لئے حلقہ بندی کرنے کے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان ادارہ شماریات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اہم معلومات فراہم کرنے کا فریضہ سونپا گیا تھا جو مقررہ مدت میں مکمل ہو چکا ہے،

لہذا 28 اگست 2023 کو چیف سینسس کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر کی زیر صدارت پاکستان ادارہ شماریات میں منعقدہ اجلاس میں تمام مطلوبہ معلومات (مردم شماری چارجز، سرکلز اور بلاکس کا گزٹ نوٹیفکیشن، 1,85,514 بلاکس ، سرکلز اور چارجز ( ما سوائےسندھ) کے ڈیجیٹائزڈ نقشوں کے رنگین پرنٹ، اور مردم شماری بلاک کے لحاظ سے اعداد و شمار وغیرہ)کامیابی کے ساتھ ای سی پی کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ اجلاس میں دونوں اداروں کی اعلیٰ انتظامیہ نے شرکت کی۔