پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی پاکستان میں تیار ہونے والی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے کام کر رہی ہے،وزیر اعظم شہباز شریف کا معیارات کے عالمی دن پر پیغام

138
Prime Minister Shahbaz Sharif
Prime Minister Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی دنیا کے دیگر ممالک سے اشتراک کے تحت پاکستان میں تیار ہونے والی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کےلئے کام کر رہی ہے، ہم حکومت پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرتا ہیں کہ متعلقہ تنظیمیں اعلیٰ ترین عالمی معیارات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب پاکستان کے سفر کو تیز کرنے میں مدد فراہم کریں گی۔

اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق معیارات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں معیارات کا عالمی دن منایا جا رہا ہے،پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی دنیا کے دیگر ممالک سے اشتراک کے تحت پاکستان میں تیار ہونے والی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے کام کر رہی ہے تاکہ مقامی صنعت میں نفاست اور مسابقت کو فروغ مل سکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار اسٹینڈرڈائزیشن (آئی ایس او) کی جانب سے اس سال کا موضوع، "ایک بہتر دنیا کے لیے مشترکہ نقطہ نظر،” مینوفیکچرنگ اور سروسز دونوں شعبوں کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے میں اعتماد کے ضروری کردار کی نشاندہی کرتی ہے۔ یہ موضوع ہمیں بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات کی مسابقت کا جائزہ لینے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحفظ، صحت اور ماحولیات کے حوالے سے ہماری وابستگی کے مطابق، مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر ہے کہ پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نے پاکستانی شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے آٹوموٹو گاڑیوں کے لیے سخت حفاظتی معیارات مقرر کئے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ایس کیو سی اے نے کھانے کی مصنوعات میں صنعتی طور پر تیار کردہ ٹرانس فیٹی ایسڈز (آئی ٹی ایف اے) پر 2 فیصد کی حد مقرر کی ہے،جو پاکستان میں امراض قلب کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ جامع اور موثر معیارات کے ذریعے یہ کوششیں لوگوں کی فلاح و بہبود کی ترجیح کے لئے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کا براہ راست تعلق ہماری اشیاء اور خدمات کا بین الاقوامی معیارات پر پورا اترنا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ان معیارات کی پاسداری پاکستانی مصنوعات پر عالمی صارفین کے اعتماد کو فروغ میں مدد دیتا ہے، دنیا بھر میں ہمارے کاروبار کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو مزید متحرک کرتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ان معیارات کو اپنانے سے مسابقتی فائدہ ہے جس سے کاروباری اداروں کو بہتر تنظیمی اور مینوفیکچرنگ کے عمل کے ذریعے صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے،مجھے یقین ہے کہ اس سال عالمی معیارات کے دن کی تقریبات معیار کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ مسابقتی چیلنجز کے اس دور میں حکومت، صنعت اور کاروباری برادریوں کے لئے دنیا بھر میں صارفین کے اطمینان کو یقینی بنانے کے لیے اس طرح کی آگاہی بہت ضروری ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں حکومت پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ متعلقہ تنظیمیں اعلیٰ ترین عالمی معیارات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب پاکستان کے سفر کو تیز کرنے میں مدد فراہم کریں گی۔