واشنگٹن ڈی سی۔25اپریل (اے پی پی):وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے لیے آواز بلند کی، اب وقت ہے کہ ہم وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ورلڈ بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے موسم بہار کے اجلاس کے موقع پر موسمیاتی نقصان و تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے قائم ‘فنڈ فار ریسپانڈنگ ٹو لاس اینڈ ڈیمیج (ایف آر ایل ڈی) کے اعلیٰ سطحی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کے لیے سنگین خطرہ اور بقاء کا چیلنج ہیں۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ پاکستان لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے حامی ممالک میں شامل رہا ہے۔وزیر خزانہ نے فنڈ کو جلد از جلد فعال کرنے، شفاف بنانے، مناسب چیکس اینڈ بیلنس کے تحت چلانے اور فوری ادائیگیوں کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فنڈ کے اصول سادہ اور موثر ہونے چاہئیں تاکہ کم ترقی یافتہ اور ماحولیاتی طور پر کمزور ممالک کو ماضی جیسی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588032