اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران قوم کے دفاع میں مسلح افواج کے جرات مندانہ اور فیصلہ کن کردار کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے عملی عزم اور دفاعی بصیرت کی عکاس ہے بلکہ قومی اتحاد اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کا بھی ثبوت ہے۔چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ ہر کامیاب دفاعی کارروائی کے پس منظر میں انجینئرنگ مہارت اور تکنیکی بصیرت کا کلیدی کردار ہے۔ چاہے وہ سول و عسکری ڈھانچے ہوں، مواصلاتی نظام، ہتھیاروں کی تیاری یا لاجسٹک سپورٹ ہو، انجینئرز ایک خاموش قوت ہیں جو ملکی دفاع کے نظام کو مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
چیئرمین انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ یہ کامیابی ایک دن کی نہیں بلکہ کئی برسوں کی مربوط کوششوں، عسکری پیشہ ورانہ مہارت، سیاسی استقامت اور انجینئرنگ کی شاندار کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ پاکستان کے انجینئرز کو فخر ہے کہ وہ مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ایسے ٹیکنالوجی تخلیق کر رہے ہیں جو وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بناتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ای سی اپنے قومی پروگراموں جیسے بلوچستان ایکشن پلان 2025، اسمارٹ پی ای سی ڈیجیٹل اصلاحات اور برین گین ڈائاسپورا پورٹل کے ذریعے آئندہ نسل کے انجینئرز کو نہ صرف پرامن ترقی بلکہ دفاعی خدمات کے لیے بھی تیار کر رہا ہے۔
چیئرمین نے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اسٹریٹجک تکنیکی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، جس کے ذریعے پاکستان جدید ٹیکنالوجی کو تیار اور استعمال کر رہا ہے۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل نے اعادہ کیا ہے کہ انجینئرنگ کی برتری قومی خودمختاری کی بنیاد ہے اور اس تاریخی موقع پر کونسل مسلح افواج، حکومت پاکستان اور ہر اس انجینئر کو سلام پیش کرتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595861