پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف جیت کیلئے پر عزم ہے، ہیڈ کوچ صبیح اظہر

178
PCB
PCB

لاہور۔5مئی (اے پی پی):سعد بیگ کی قیادت میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش انڈر 19 کیخلاف جیت کا تسلسل ون ڈے سیریز میں بھی برقرار رکھنے کیلئے پرامید دکھائی دیتی ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان انڈر 19 ٹیم نے چار روزہ میچ میں دس وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جس میں پلیر آف دی میچ شاہ زیب خان کے 174 رنز نمایاں رہے تھے جبکہ نائب کپتان علی اسفند نے میچ میں چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اتوار کے روز ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم چتوگرام میں کھیلا جائے گا ، دوسرا ون ڈے بھی اسی گراونڈ میں آٹھ مئی کو ہوگا جبکہ باقی تین میچز گیارہ ،تیرہ اور پندرہ مئی کو شاہد قمرالزماں اسٹیڈیم راجشاہی میں کھیلے جائیں گے، دورے کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سترہ مئی کو راجشاہی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ صبیح اظہر نے کہا کہ چار روزہ میچ میں ٹیم کی کارکردگی قابل ستائش ہے اور یہ ٹیم محدود اوورز کی سیریزمیں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھے گی لیکن ہمیں اندازہ ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم سخت حریف کے طور پر سامنے آئے گی لہذا ہمیں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم باصلاحیت نوجوانوں پر مشتمل ہے ،یہ کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتیں اور مہارت دکھانے کیلئے پرجوش ہیں۔پاکستان انڈر 19ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔سعد بیگ (کپتان)، علی اسفند (نائب کپتان)، احمد حسین، ایمل خان، عامرحسین، عرفات منہاس، آزان اویس، حمزہ نواز، محمد ابتسام، محمد اسمعیل، محمد طاہر، محمد طیب عارف، عبیدشاہد، سجاد علی، شاہ زیب خان، شامل حسین اور وہاب ریاض جبکہ پلیئرز سپورٹ اسٹاف میں توصیف احمد (منیجر)، صبیح اظہر (ہیڈ کوچ )، عمررشید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم (فزیوتھراپسٹ )، یاسرملک ( ٹرینر )اور شان اللہ انالسٹ شامل ہیں۔