پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعلقات مزید بڑھنے کے بہت زیادہ امکانات موجودہیں، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج کی آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات میں گفتگو

127
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعلقات مزید بڑھنے کے بہت زیادہ امکانات موجودہیں، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج کی آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات میں گفتگو

راولپنڈی۔5مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج سےآذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعاون کو سراہا اور اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعلقات مزید بڑھنے کے بہت زیادہ امکانات موجودہیں۔

پاکستان کی مضبوط دفاعی صنعتی صلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے آذربائیجان کو مشاورتی خدمات، تکنیکی مہارت اور تربیتی سہولیات کی فراہمی سمیت دفاع کے تمام باہمی متفق/فائدہ مند شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے آذربائیجان کی دفاعی صنعت کی ترقی میں تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بڑھانے میں وزارت دفاعی پیداوار کی کوششوں کو سراہا۔