کوئنز لینڈ۔21اپریل (اے پی پی):پاکستان اور آسٹریلیا کی خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کادوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ شدید بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔پیر کو والی ٹیٹ پارک کوئنز لینڈ آسٹریلیا میں سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ہلکی بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہونے کے باوجود پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کیا لیکن قومی ٹیم کوابتدائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ اورصرف 35 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا دیں۔
ایشا فیصل نے اس کے بعد 31 گیندوں پر 32 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔پاکستان کی ٹیم نے 15.2 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے کھیل دوبارہ روک دیا گیا اور مسلسل بارش کی وجہ سے میچ بالآخر منسوخ کر دیا گیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے سی ویبیک اور اے ہارٹ نے دو دو جبکہ ایس ہال نے ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔سیریز کا تیسرا T20 میچ منگل 22 اپریل کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585232