اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین تاریخی تعلقات ہیں،ازبک صدر کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت آئیگی۔ پاکستان اورازبکستان کے مابین سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےازبکستان کے سفیر اوےبک عثمانو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان ازبکستان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں ازبکستان کے صدر کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کے حوالے سے انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اسکے علاوہ پاکستان اورازبکستان کے مابین ویزوں میں آسانی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات تاریخی ہیں۔ازبک صدر کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ازبک سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ازبکستان کے صدرپاکستان کے دورے کے لئے بہت پرامید ہیں، ازبک صدر کے دورے سے پاکستان ازبکستان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔