پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلی جارہی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (کل) ہفتہ سے کھیلاجائے گا

104

کراچی۔16دسمبر (اے پی پی):پاکستان کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ آبادی والا شہر کراچی پرانے اور نئے کا ایک دلچسپ اور رنگین امتزاج پیش کرتا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا پانچواں اور پاکستان کا 11واں فرسٹ کلاس گرائونڈ ہے، جہاںآئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ2021-2023 کے سلسلے میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلی جارہی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (کل) ہفتہ سے کھیلاجائے گا۔

انگلینڈ کو سیریز میں دوصفر کی واضع برتری حاصل ہے تاہم دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان تیسرا ٹیسٹ میچ جیت کر اس برتری میں کمی کرتا ہے یا نہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 34 ٹیسٹ میچ کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 17 میں کامیابی حاصل کی اور اس گرائونڈ پر پاکستان کو واحد شکست 2000-01میں انگلینڈ کے خلاف ہوئی تھی۔پاکستان کی ٹیم بابراعظم جبکہ انگلش ٹیم بین اسٹوک کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔

دونوں ٹیموں نے کراچی پہنچنے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس اور ٹریننگ سیشنز کئے اور بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں مہارت کے لئے بھرپور ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ منعقد کرانے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی سیکورٹی کے تمام انتظامات کر لئے ہیں۔

ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں سے عوام الناس کو آگاہی فراہم کردی ہے تاکہ انہیں آمدورفت میں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنے پڑے۔