اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):پاکستان اور اٹلی کے مابین غیر قانونی امیگریشن روکنے اور پاکستانی ورک فورس کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور اٹلی کے وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی نے ایوان صدر میں ایم او یو پر دستخط کیے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
بدھ کو وزارت اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایم او یو کے تحت غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کیلئے پاکستان اور اٹلی مشترکہ اقدامات کریں گے، پاکستانی ورکرز کے اٹلی میں حقوق کے تحفظ کے حوالے سے جامع فریم ورک بنایا جائے گا، پاکستانی ہنر مندوں کی ٹریننگ، بھرتی کیلئے لیبر موبیلیٹی کوریڈورز کا قیام عمل میں لایا جائےگا، پاکستانیوں کو اٹلی میں روزگار کیلئے ووکیشنل اور لینگویج ٹریننگ کیلئے پائلٹ موبیلیٹی پروگرامز شروع کیے جائیں گے، بیرون ممالک روزگار کے عمل کو سٹریم لائن کرنے کیلئے مائیگرنٹ ریسورس سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اٹلی پہلا یورپی ملک ہے جو پاکستانی ورک فورس لینے کیلئے براہ راست ایم او یو کر رہا ہے، ایم او یو سے پاکستانیوں کیلئے دیگر یورپی ممالک میں بھی روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے، 9 سال کی محنت کے بعد اٹلی کے ساتھ پاکستانی ورک فورس کی فراہمی کے حوالے سے ایم او یو نہایت اہمیت کا حامل ہے،ایم او یو کے تحت اٹلی میں پاکستانیوں کیلئے نوکریوں میں سالانہ کوٹہ مختص کیا جائے گا، اٹلی میں روزگار کے خواہاں پاکستانیوں کیلئے امیگریشن کا عمل آسان اور تیزرفتار بنایا جائے گا،
پاکستانیوں کو جدید تکنیکی تعلیم کی فراہمی کیلئے اٹلی اور پاکستان کے متعلقہ اداروں کے مابین اشتراک کو فروغ دیا جائے گا، غیر قانونی امیگریشن روکنے کیلئے پاکستان اور اٹلی کے مابین مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔ پاکستان کنسٹرکشن، زراعت، ہاسپٹلٹی، ہیلتھ کئیر اور آئی ٹی کے شعبوں میں ہنر مند اور نیم ہنر مند ورک فورس اٹلی کو فراہم کرے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594066