پاکستان اور ایران مذہب، اخوت، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات

217
راجہ پرویز اشرف
پاکستان اور ایران مذہب، اخوت، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):سپیکر قومی راجہ پرویز اشرف سے جمعرات کو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے ایرانی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کا وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ خوش آئند ہے، دونوں برادر ممالک مذہب، اخوت، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، ایرانی بھائیوں کے پاکستان کے بارے میں مخلصانہ جذبات اور احساسات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے مشکل وقت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، ایران اور سعودی عرب کے مابین دوستی کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،ایران اور سعودی عرب کے مابین دوستانہ اور برادرانہ تعلقات خوش آئند ہیں، ایران کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے، پاکستان کو ایران کے وسائل سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان ایران کے ساتھ باہمی تجارت کا خواہاں ہے، ایران کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین قریبی رابطے کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ پارلیمانی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔سپیکر نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک،ایران پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، ایران میں پاکستانی زائرین کو بہتری سہولیات فراہم کرنے پر ایرانی حکومت کے مشکور ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ ے دیکھتا ہے، ایران پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے، ایرانی حکومت پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔

ایرانی وفد نے پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی اور دہشتگردی کے واقعات میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی پارلیمان اور عوام پاکستان کی عوام کے دکھ اور غم میں برابرکےشریک ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک،ایران گیس پائپ لائن منصوبہ دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل کی خواہش رکھتا ہے۔