پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان خواتین کی مالی شمولیت کے فروغ کے لیے 350 ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط

11
Asian Development Bank
Asian Development Bank

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان "ویمن انکلیوسو فنانس سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (سب پروگرام II)” کے تحت 350 ملین ڈالر معاہدے پر دستخط کیے گئے۔منگل کو وزارت اقتصادی امور ڈویژن کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ معاہدے پر وزارت اقتصادی امور کی ایڈیشنل سیکرٹری سبینہ قریشی اور اے ڈی بی کے ہیڈ پروجیکٹ ایڈمنسٹریشن یونٹ دینیش راج شیوکوٹی نے دستخط کیے جبکہ فنانشل انٹرمیڈیئری لون کے پروجیکٹ معاہدے پر سٹیٹ بینک آف پاکستان نے دستخط کیے۔ اس موقع پر حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

یہ معاہدہ حکومت پاکستان کے خواتین کی معاشی بااختیاری کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے خواتین کو مالیاتی خدمات تک بہتر رسائی، کاروباری مواقع میں وسعت اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے جو ملک میں جامع اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔سب پروگرام II پہلے مرحلے میں کی گئی بنیادی پالیسی اصلاحات پر استوار ہے اور چار اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جن میں خواتین کی مالی شمولیت کے لیے موزوں پالیسی اور ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل ،خواتین کے لیے مالی وسائل کی دستیابی میں اضافہ ،خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا، مالیاتی شعبے میں مساوی اور جامع کام کے مواقع کی ترویج شامل ہیں ۔

اس منصوبے کے تحت 350 ملین ڈالر کی مالیاتی معاونت میں 300 ملین ڈالر پالیسی بیسڈ قرض اور 50 ملین ڈالر فنانشل انٹرمیڈیئری لون شامل ہے۔ یہ فنڈنگ پاکستان کے لیے ایک جامع، مضبوط اور پائیدار معیشت کی تشکیل کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ معاہدے پر دستخط حکومت پاکستان کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ خواتین کو قومی معیشت کا فعال حصہ بنایا جائے۔ یہ پروگرام خواتین کو مالی وسائل تک موثر رسائی فراہم کرے گا، ان کی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف خواتین کی معاشی خودمختاری کو تقویت ملے گی بلکہ ایک زیادہ جامع، مساوی اور خوشحال مستقبل کی راہ بھی ہموار ہوگی۔