
اسلام آباد ۔ 06 فروری (اے پی پی) پاکستان اور بحرین نے مختلف شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کےلئے مشترکہ کاروباری کونسل کی جلد فعالیت پراتفاق کیا ہے۔ اس بات کا اظہار وزیراعظم کے مشیربرائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے بحرین کے وزیرخارجہ کے ہمراہ پیرکو مشاورتی دور کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف نے اپنے تعلقات کے تمام پہلوﺅں پر تبادلہ خیال کیا۔ سرتاج عزیز نے بحرین کے سرمایہ کاروں کو پاک چین اقتصادی راہداری میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ کئی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں۔ بحرین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں اطراف نے انسداد دہشت گردی اور خطے کو تشدد سے محفوظ بنانے کے طریقوں پربھی بات چیت کی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہارکیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار ہیں اور وہ دفاع ، معیشت اور سیاسی مشاورت کے شعبے میں اپنے تعلقات کو وسعت دے رہے ہیں۔ سرتاج عزیز نے بحرین کی حکومت کی طرف سے یونیورسٹی کے تحفے پر حکومت پاکستان کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔