29.7 C
Islamabad
جمعہ, مئی 2, 2025
ہومتجارتی خبریںپاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازیں جلد شروع ہوں...

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازیں جلد شروع ہوں گی ، بنگلہ دیش ہائی کمشنر محمد اقبال حسین

- Advertisement -

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آئندہ چند ماہ میں براہ راست پروازیں شروع ہونے کی توقع ہے، یہ اہم پیشرفت دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو بڑھانے اور مضبوط اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کی طرف اہم قدم ہوگی ۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیمبر کے صدر ناصر منصور قریشی اور ان کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کے دوران ہائی کمشنر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ڈھاکہ، کراچی اور لاہور کے درمیان کارگو پروازیں بھی جلد شروع ہو جائیں گی جس سے تجارت اور کاروباری تبادلوں کو مزید سہولت ملے گی۔

ہائی کمشنر نے پاکستانی شہریوں کے لیے آن لائن بنگلہ دیشی ویزوں کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کاروباری شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے بنگلہ دیش کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کو دوطرفہ فوائد کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے مشترکہ منصوبوں اور صنعتی تعاون کو تلاش کرنے کی بھی ترغیب دی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ دونوں ممالک کے تاجروں کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ تجارت کے حوالے سے ہائی کمشنر نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں مواقع کا ذکر کیا جس میں چینی، سٹیل، آلات جراحی سیمنٹ، خشک میوہ جات، گلابی نمک، دودھ کی مصنوعات، ماربل اور کوئلہ جیسی اشیا بنگلہ دیش کو برآمد کی جا سکتی ہیں جبکہ پاکستان بنگلہ دیش سے چائے اور پٹ سن جیسی اشیاء درآمد کر سکتا ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی کاروباری، صنعت اور تجارتی برادری اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے اہم سنگ میل عبور کر سکتی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے ڈھاکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے مقصد کے ساتھ جلد سے جلد ممکنہ سرمایہ کاروں کے وفد کے ساتھ بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔صدر ناصر منصور قریشی نے آئی سی سی آئی میں قائم سہولت کاری ڈیسکس پر بھی روشنی ڈالی جو کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے کاروباری برادری کی مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے نمائشوں کے انعقاد کے ذریعے خطے میں اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے چیمبر کے دیگر اقدامات کا بھی ذکر کیا۔آئی سی سی آئی کے سابق صدور زبیر احمد ملک، میاں اکرم فرید اور میاں شوکت مسعود نے کہا کہ دونوں ممالک کی معیشتوں کی تکمیلی نوعیت کے پیش نظر بنگلہ دیش دو طرفہ تجارت کو تیزی سے بڑھانے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ صنعتی تعاون، مشترکہ منصوبے، ٹیکنالوجی کی منتقلی، بی ٹو بی مصروفیات اور چیمبر ٹو چیمبر تعاون جیسے شعبے ترقی کے کلیدی شعبے ہیں۔

اجلاس میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، سابق صدور محمد اعجاز عباسی، شیخ عامر وحید، اور ایگزیکٹو ممبران اسحاق سیال، چوہدری محمد عرفان، عمران منہاس، ملک محسن خالد، روحیل انور بٹ، محمد وسیم چوہدری اور شمائلہ صدیقی نے بھی شرکت کی۔ تمام شرکا نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس شراکت داری کو آگے بڑھانے میں براہ راست پروازیں اہم کردار ادا کریں گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552783

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں