پاکستان اور بیلا روس کے درمیان سفارتی تعلقات کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر ”خود مختار بیلا روس: عوام، تقریبات، کامیابیاں” کے عنوان سے خصوصی تصویری نمائش کا اہتمام

166
APP87-19 ISLAMABAD: March 19 - Chairman Pakistan Belarus Friendship Group, Yaqoob Saeed, Ambassador of Belarus to Pakistan Andrei Ermolovich and Director General, BelTA News Agency of Belarus, Iryna Akulovich viewing the displayed stuff during photographic show titled Sovereign Belarus: People, Events, Achievements at PNCA to mark 25th anniversary of diplomatic relations between Belarus and Pakistan. APP photo by Irfan Mahmood

اسلام آباد ۔ 19 مارچ (اے پی پی) پاکستان اور بیلا روس کے درمیان سفارتی تعلقات کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر بیلا روس کی کامیابیوں، شہریوں کے طرز زندگی اور دیگر اہم واقعات کو اجاگر کرنے کی غرض سے ”خود مختار بیلا روس: عوام، تقریبات، کامیابیاں” کے عنوان سے خصوصی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ منگل کو بیلا روس کے سفارتخانے، وزارت اطلاعات و نشریات ڈویژن اور پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کے اشتراک سے 36 رنگا رنگ تصاویر پر مشتمل نمائش منعقد کی گئی۔ تصویری نمائش میں بیلا روس کے لوگوں کی طرز زندگی، بیلا روس کی تعمیراتی صنعت، نقل و حمل کا نظام، کھیلوں، بیلا روس کے یوم آزادی پریڈ، صنعتی انقلاب، قدرتی حسن، تاریخی عمارات، ثقافتی ورثے، فصلوں کی کٹائی، جنگلی حیات کی عکاسی کی گئی۔ نمائش کے انعقاد کا مقصد بیلا روس اور پاکستان اور بیلا روس کے سفارتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر بیلا روس کے پاکستان میں سفیر اینڈری ارمولووچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال پاکستان اور بیلا روس اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 25 ویں سالگرہ منا رہے ہیں جو نہایت خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو ایک قابل بھروسہ شراکت دار سمجھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تعلیمی شعبوں کے علاوہ ثقافتی اور فنون لطیفہ کے میدان میں باہمی تبادلے کے لئے بہت کچھ موجود ہے۔ یہ نمائش بیلا روس کو پاکستانی شراکت داروں کے قریب تر لانے کی ایک عمدہ کوشش ہے۔ چیئرمین پاکستان بیلا روس فرینڈشپ گروپ یعقوب سعید نے کہا کہ پاکستان بیلا روس کے تعلقات ہر گزرنے والے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی میدان میں بہت زیادہ مواقع اور صلاحیت پائی جاتی ہے۔ بیلا روس کے خبر رساں ادارے ”بیلٹا” کی ڈائریکٹر جنرل ارینا اوکولووچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصویری نمائش دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ کی ایک کاوش ہے، ہم نے پاکستان کے لئے ان تصاویر کا انتخاب کیا ہے تاکہ یہاں کے لوگ ہمارے ملک کے عوام اور کامیابیوں کے بارے میں بہتر طور پر آگاہ ہو سکیں، اس سے باہمی تعلقات کو تقویت ملے گی۔ ڈی جی پی این سی اے جمال شاہ نے کہا کہ آرٹ اور کلچر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات استوار کرنے کے لئے بہترین ممکنہ طریقہ ہے، یہ شعبہ تبدیلی کا محرک ہوتا ہے کیونکہ ہمیں اس سرزمین کے انتہائی دلکش ثقافتی بیانیے کی تشکیل نو کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنون لطیفہ مشترکہ تصورات کو پیش کرنے اور ان کا تبادلہ کرنے کے ساتھ ساتھ امن و خوشحالی کی نئی راہیں کھولنے کے لئے تمام اقوام کے لئے حقیقی زبان کی حیثیت رکھتا ہے۔