اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات ہمارے مشترکہ عزم اور مشترکہ قسمت کے تناظر میں مزید مستحکم ہوں گے۔
جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اپنے بھائی صدر طیب اردوان کی دعوت پران کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے ترکیہ کے لئے روانہ ہو رہا ہوں،پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ان کو ان کے دوبارہ انتخاب پر مبارکباد پیش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات ہمارے مشترکہ عزم اور مشترکہ تقدیر کے تناظر میں مزید گہرے ہوں گے۔ اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کا آئندہ ساتواں اجلاس ہماری سٹرٹیجک شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لئے درست سمت کا تعین کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی اپنے کثیرالجہتی تعلقات کی صلاحیت سے استفادہ کرنا ہے اور اس سمت میں کوششیں جاری ہیں۔