پاکستان اور جرمنی کے درمیان تکنیکی تعاون کے معاہدہ طے پا گیا

61

اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی)پاکستان اور جرمنی کے درمیان تکنیکی تعاون کے معاہدہ طے پا گیا ہے، معاہدے کے تحت جرمنی پاکستان کو سماجی تحفظ، تکنیکی و فنی تعلیم و تربیت (ٹی وی ای ٹی) اصلاحات اور لوکل گورننس کے لئے تعاون کی مد میں 23.4 ملین یورو مالیت کی تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب میں وفاقی وزیر اقتصادی امور محمد حماد اظہر بھی موجود تھے۔ پاکستان کی طرف سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد اور وفاقی جمہوریہ جرمنی کی جانب سے پاکستان میں جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن شیلاگ ہیک نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان جرمنی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 23.4 ملین یورو مساوی 3.9 ارب روپے تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔ جمعرات کو وزارت اقتصادی امور کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تکنیکی معاونت، سماجی معاونت، تکنیکی و فنی تعلیم، لوکل گورننس تعاون، اور پاکستان کی ٹیکسٹائل کی صنعت میں محنت و سماجی معیارات کی بہتری کے منصوبوں کے لئے فراہم کی جائے گی۔ یہ منصوبے حکومت پاکستان کے ترجیحی شعبوں کے مطابق اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی جانب پیش قدمی ہے۔ پاکستان اور جرمنی کے درمیان ترقیاتی تعاون 1961ءسے جاری ہے اور جرمنی اب تک 3 ارب یورو سے زائد کی مجموعی فنڈنگ فراہم کر چکا ہے۔ معاہدے کے فریقین نے جرمنی اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات پر زور دیا اور کہا کہ ہم ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہیں۔ دونوں اطراف نے منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے لئے موثر تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا تاکہ اس کے ثمرات استفادہ کرنے کے والے افراد تک صحیح معنوں میں پہنچانے کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے حکومت پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں معاونت پر جرمنی کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔