پاکستان اور جمہوری کوریا کے دیرینہ سفارتی اور اقتصادی تعلقات ہیں، قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کی کورین پارلیمانی وفد کے ممبران سے گفتگو

57

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جمہوری کوریا کے مابین دیرینہ سفارتی اور اقتصادی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں ، پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ اپنے خوشگوار دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروع دے کر جمہوری کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار کوریا کی قومی اسمبلی میں قائم کورین پاک پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے کنوینر لی ہیک ینگ کی قیادت میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوے کورین پارلیمانی وفد کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں قائم مقام سپیکر سے ملاقات کی۔

قائم مقام سپیکر نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کے فروع کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی رابطوں کو فروع دینے کے حوالے سے بات کرتے ہوے کہا کہ دونوں ممالک میں صنعت ،ٹیکنالوجی،توانائی اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون میں اضافے کے وافر مواقع موجود ہیں جنہیں دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کو فروع دینے کیلئے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کوریا کی سرمایہ کار مرمز کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت ملک میں سرمایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کروا رہی ہے جن سے کوریا کی سرمایہ کار فرمز مستفید ہو سکتی ہیں ۔انہوں نے وفد کے اراکین کو سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں گندھارا تہذیب کے مقدس مقامات ، بدھ مت کے آثار قدیمہ اور خوبصورت سیاحتی مقامات ہیں جو کوریا کے عوام کیلئے گہری دلچسپی باعث ہونگے ۔

قائم مقام سپیکر نے کوریا میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر کوریا کی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔کورین کے پارلیمانی وفد کے سربراہ لی ہیک ینگ نے پاکستان میں قیام کے دوران انکا اور انکے وفد کے پرتپاک استقبال پر پاکستان کی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ کوریا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے ۔

انہوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہونے ملک کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ کوریا میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے خدمات کو سراہتے ہوے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کوریا کے ترقی میں اہم کردار ادا کر رہیں ہیں ۔انہوں نے افغانستان سے کورین باشندوں کے انخلا کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ممبر قومی اسمبلی جنید انور، چیئرمین پی اے سی نور عالم خان، ممبر قومی اسمبلی سید محمود احمد، محسن داوڑ اور قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔