پاکستان اور جمہوریہ پولینڈ کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت (بی پی سی) کا نواں دور

87
Pakistan and the Republic of Poland
Pakistan and the Republic of Poland

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):پاکستان اور جمہوریہ پولینڈ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت (بی پی سی) کا 9واں دور 4 جولائی 2025 کو وارسا میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ) سفیر محمد ایوب نے کی جبکہ پولینڈ کے وفد کی سربراہی پولینڈ کی وزیر خارجہ رادوسلاو سیکورسکینے کی جبکہ پولینڈ میں پاکستان کے سفیر محمد سمیع الرحمان اور پاکستان میں پولینڈ کے سفیرماجے پسارسکی بھی مشاورت کے دوران موجود تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کےمطابق اس موقع پر فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر محمد ایوب نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور دفاعی تعاون، سائنس و ٹیکنالوجی، زراعت، نقل مکانی اور نقل و حرکت اور اعلیٰ تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں پولینڈ کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینےکے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

فریقین نے اعلیٰ سطح کے دوروں، پارلیمانی تبادلوں اور بات چیت کے ذریعے دوطرفہ تعاون کےفروغ پربھی اتفاق کیا۔سیاسی مشاورت کے دوران جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفود نے مختلف اہم امور اور اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پربھی اتفاق کیا۔اس بات پر باہمی اتفاق کیا گیا کہ مشاورت کا آئندہ دور 2026 میں اسلام آباد میں ہوگا۔