گال۔23جولائی (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ اتوار سے گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شروع ہو گا ، پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے ، گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے میزبان سری لنکا کے خلاف 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی
۔پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، فاسٹ باؤلر شاہیں شاہ آفریدی انجری کے باعث دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے، ان کی جگہ حارث رئوف یا فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ سری لنکن ٹیم کو دیمتھ کرونا رتنے لیڈ کر رہے ہیں ،
ٹاپ آرڈر بیٹر پاتھم نسانکا فٹنس مسائل سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور دوسرے ٹیسٹ میچ کے لئے دستیاب ہوں گے جبکہ انجرڈ ماہیش تھیکشنا کی جگہ لکشیتھا مانا سنگھے کا ٹیسٹ ڈیبیو متوقع ہے۔