اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):پاکستان اور سوئٹزرلینڈ نے دو طرفہ اقتصادی و تجارتی روابط اور تعلقات کو مزید بڑھانے اور وسعت دینے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا 11واں مرحلہ جمعہ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ ڈاکٹر محمد طارق، ایڈیشنل سیکرٹری (یورپ) نے پاکستانی وفد جبکہ اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ برائے ایشیا اور بحرالکاہل رافیل ناگیلی نے سوئس وفد کی قیادت کی۔
ترجمان نے کہا کہ فریقین نے دو طرفہ تعلقات سمیت سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع، سلامتی، زراعت اور کثیر الجہتی فورمز پر تعاون بھی زیر بحث لایا گیا۔ فریقین نے تعاون کے موجودہ میکانزم پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں معیشتوں کے لئے باہمی مفید تعاون کے وسیع امکانات کو تسلیم کرتے ہوئے، دونوں فریقوں نے دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی روابط کو مزید بڑھانے اور وسعت دینے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ملکوں نے باقاعدہ اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ایڈیشنل سیکرٹری نے سوئس وفد کو علاقائی صورتحال کے حوالے سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال اور اس کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے بھارتی حکومت کے یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
افغانستان سے انخلاء میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری نے سوئس فریق کو انخلاء کی کوششوں میں پاکستان کی مدد کے ساتھ ساتھ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیے کوششوں کی حمایت سے بھی آگاہ کیا۔ سوئس فریق نے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور افغانستان سے سوئس شہریوں اور دیگر شہریوں کے انخلاء میں مدد پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
سفیر ناگیلی نے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ نےافغانستان کی صورتحال پر پاکستان کا نکتہ نظر بتاتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے مشترکہ خدشات کو دور کرنے اور مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے افغانستان کے ساتھ بین الاقوامی برادری کے تعمیری روابط کی اہمیت پر زور دیا۔پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان دوطرفہ اور کثیرالجہتی، دونوں سطح پر قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔