اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):پاکستان قازقستان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور پیر کو آستانہ قازقستان میں منعقد ہوا۔ ایڈیشنل سیکرٹری (افغانستان اور مغربی ایشیا) سید احسن رضا شاہ نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ قازقستان کے نائب وزیر برائے خارجہ امور کنات تمیش نے بات چیت میں اپنے ملک کی قیادت کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں اطراف نے مشاورت کے دوران سیاسی و سفارتی، تجارتی، اقتصادی روابط، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی بات چیت کی۔ فریقین نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اقوام متحدہ، سیکا، او آئی سی، ای سی او اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے فریم ورک میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا بھی جائزہ لیا۔ فریقین نے ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا اور آئندہ ماہ کے اوائل میں براہ راست پروازوں کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔
پاکستان قازقستان دو طرفہ سیاسی مشاورت نے فریقین کو دو طرفہ تعلقات کی موجودہ سطح کا جامع جائزہ لینے کا موقع فراہم کیا۔ دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے نئے شعبوں کی نشاندہی کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔