پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانا چاہتے ہیں ، پاک برطانیہ تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا،وزیرخزانہ

117

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعلقات قائم ہیں، دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے حکومت باہمی دلچسپی کے مختلف پہلوؤں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

وزیر خزانہ اور متحدہ عرب امارات کے سفیر نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے اور اسے مزیدمضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعلقات قائم ہیں اور موجودہ حکومت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے تاکہ موجودہ دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جاسکے۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے سینیٹراسحاق ڈارکو وزیر خزانہ کا منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی اور ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ نے یواے ای کی جانب سے پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کے حوالہ سے خوش آئند جذبات کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات کے سفیر کو حکومت کی جانب سے اس ضمن میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

دریں اثناء وزیرخزانہ سے برطانیہ کی اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر اور برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز کے ممبر لارڈ واجد خان نے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے مہمانوں کو پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں بتایا اور کہا کہ غیرمعمولی بارشوں اورسیلاب سے ملک کی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔ وزیر خزانہ نے برطانیہ کی اقتصادی ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتے قائم کرنے میں پاکستانی تارکین وطن کے تعاون کو بھی سراہا۔

انجیلا رینر نے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے جانوں، بنیادی ڈھانچہ اور املاک کے نقصان پر افسوس اورہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ تعاون کرے گا۔