پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ کل کھیلا جائے گا

233

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی): پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ کل ( بدھ کو )نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا ۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈے نائٹ ہو گا جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے تین بجے ہو گا۔ پاکستان کو مہمان کیوی ٹیم کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں کیویز کے خلاف 0-2 کی برتری حاصل ہے۔

گرین شرٹس نے پہلے ایک روزہ میچ میں مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں 7 وکٹوں سے ہرایا تھا۔اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر رہی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا ، ون ڈے سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ ( کل)بدھ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

ایک روز میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس کو مایہ ناز بیٹر بابر اعظم لیڈ کریں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شاداب خان ، محمد رضوان ، شاہین شاہ آفریدی ، فخر زمان اور حارث رؤف شامل ہیں ، مہمان ٹیم نیوزی لینڈ اوپنر بیٹر ٹام لیتھم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور انہیں جیمز نیشم ، ایڈم ملن ، ٹام بلنڈل ، ڈیرل مچل ، مارک چیپمین جیسے بہترین کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں ۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ 5 مئی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 7 مئی کو کھیلا جائے گا، پہلے دو میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم جبکہ آخری تین میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے ۔\932