پاکستان اور یورپی یونین کا باہمی تعلقات میں تعاون و پیشرفت کا خیر مقدم،دوطرفہ رابطوں و تعلقات کو مضبوط بنانے کا عزم

79

اسلام آباد۔18 نومبر(اے پی پی )پاکستان اور یورپی یونین نے باہمی تعلقات میں تعاون اور پیشرفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے دوطرفہ رابطوں اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ پاکستان اور یورپی یونین کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ سالانہ پاکستان یورپی یونین مشترکہ کمیشن کے 9 ویں اجلاس میں لیا گیا۔ جائزہ اجلاس سے پہلے 13 سے 15 نومبر تک پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تجارت، ترقی کے عمل میں تعاون، جمہوریت، گورننس، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق پر میٹنگز ہوئیں۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مشترکہ کمیشن کے اجلاس نے پاکستان میں منتخب نئی حکومت کی ترجیحات اور امن سلامتی، مائگریشن، تجارت، انسانی حقوق، ترقی، توانائی، ماحولیاتی تبدیلیوں، تعلیم، گورننس اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کیا۔ فریقین نے علاقائی استحکام کو اقتصادی و سماجی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ فریقین نے علاقائی امن کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فریقین آنے والے یورپی یونین پاکستان سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے لیے چشم برآ ہیں جس سے وسیع تر شراکت داری اور آنے والے برسوں میں تعاون کے لیے ایجنڈا ترتیب دینے کا موقع ملے گا۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد نے کی جبکہ یورپی یونین کے وفد کی قیادت پاﺅلا پامپالونی نے کی۔ پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ کمیشن کا آئندہ اجلاس برسلز میں ہو گا۔