پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان عدم پھیلاؤ اور تخفیفِ اسلحہ پر پانچواں مکالمہ

10

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان عدم پھیلاؤ اور تخفیفِ اسلحہ کے موضوع پر پانچواں مکالمہ 12 جون کو اسلام آباد میں منعقد ہوا، سائنس ڈپلومیسی کے شعبے میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال ہوا – ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر طاہر اندرابی نے کی جبکہ یورپی یونین کی طرف سے خصوصی ایلچی سفیر کلیمنٹ نے شرکت کی۔

اس موقع پر عالمی اور علاقائی امن، سلامتی اور اسٹریٹجک استحکام کے حوالے سے جامع تبادلۂ خیال ہوا، جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پیش رفتوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ مکالمے میں اقوام متحدہ، تخفیفِ اسلحہ کانفرنس، حیاتیاتی ہتھیاروں کے کنونشن (بی ڈبلیو سی)، کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن (سی ڈبلیو سی/او پی سی ڈبلیو)، برآمدی کنٹرول کے نظاموں اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جیسے معاملات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ سائنس ڈپلومیسی کے شعبے میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔

یہ مکالمہ دونوں فریقوں کے درمیان باہمی تفہیم کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ پاکستان اور یورپی یونین نے اگلے مکالمے (چھٹا دور) کے لیے 2026 میں برسلز میں ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔