پاکستان اورایتھوپیا کے درمیان پروازوں کی بحالی خوش آئند ، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،چیئرمین سینیٹ

188
Sadiq Sanjrani
Sadiq Sanjrani

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے تعلقات مشترکہ تاریخ، مفادات اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی حمایت پر مبنی ہیں،ایتھوپیا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللّہ سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاوس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت تجارتی، پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان اور ایتھوپیا کے تعلقات مشترکہ تاریخ، مفادات اور بین الاقوامی فورمز پر باہمی حمایت پر مبنی ہیں۔ ایتھوپیا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور ایتھوپیا کے کاروباری افراد کے مابین رابطوں کو آسان اور بہتر بنانا چاہئے۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔محمد صادق سنجرانی نے کہاکہ پاکستان اورایتھوپیا کے درمیان پروازوں کی از سر نو بحالی خوش آئند ہے۔ کراچی سے ایتھوپین ائیرلائن کی پروازیں شروع کرنا خوش آئند اقدام ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے ایتھوپیا کی حکومت کا اس اقدام پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس فضائی سروس سے پورے افریقہ کے ساتھ رابطہ کاری میں مدد ملے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کی بحالی سے تجارت اور سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے ایتھوپیا کے ساتھ تعلیم کے شعبے میں تعاون اور عوامی روابط بڑھانے پر بھی زور دیا اورکہاکہ دنیا میں اسلامو فوبیا  کے تدارک ، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ دینا چاہئے۔

ایتھوپیا، پاکستان کی اینگیج افریقہ پالیسی کی تحت انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔سفیر نے ملاقات میں چیئرمین سینیٹ کو ایتھوپیا کی پارلیمنٹ کی قیادت کی جانب سے ایتھوپیا کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ چیئرمین سینیٹ نے ایتھوپیا کی پارلیمانی قیادت، حکومت اور سفیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

ایتھوپین سفیر نے کہاکہ افریقی ممالک کا گیٹ وے ہونے کی وجہ سے پاکستانی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔جمال بکر عبداللّہ نے پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط مستحکم کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کیا۔