پاکستان اورروانڈا کے درمیان باہمی تجارت میں اضافہ کی وسیع صلاحیت موجود،صحت کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، سفیرفاتو ہیریمانا

91
Pakistan and Rwanda
Pakistan and Rwanda

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):پاکستان میں روانڈا کی سفیر محترمہ فاتو ہیریمانا نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے اور صحت عامہ میں روانڈا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون ناگزیر ہے ، اس شعبے میں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔پاکستان اور روانڈا کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لیے دونوں جانب سے نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے، پاکستان اور روانڈا کے درمیان کثیرالجہتی فورمز پر بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون اور باہمی احترام پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں ۔

انہوں نے ریمارکس دیئے کہ روانڈا اور پاکستان 62 سال پر محیط دیرینہ تعلقات کے ساتھ، تجارت، صحت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں فعال طور پر تعاون کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روانڈا کی جی ڈی پی 2024 کی پہلی سہ ماہی میں 9.7 فیصد بڑھی ہے جبکہ گزشتہ سال کی شرح نمو 8.2 فیصد سے زیادہ ہے ، ملک نے قابل ذکر لچک دکھائی ہے جو خدمات اور صنعت جیسے اہم شعبوں میں صارفین کے مضبوط اخراجات کے باعث کارفرما ہے۔

روانڈا کی سفیر نے کہا کہ جاری چیلنجوں کے باوجود روانڈا کی لیبر مارکیٹ میں مستحکم بحالی ہوئی ہے اور 2023 کی چوتھی سہ ماہی میں نصف ملین سے زیادہ نئی ملازمتیں پیدا ہوئیں اور کورونا وبائی امراض کے بعد بے روزگاری میں سب سے نمایاں کمی ہوئی ہے۔روانڈا میں لیبر مارکیٹ کی توسیع وسیع البنیاد تھی، جس میں خواتین کو مردوں کے مقابلے میں تھوڑا زیادہ فائدہ ہوا اور اس کے نوجوانوں کی آبادی کا فائدہ اٹھانے کے لیے روانڈا کو لیبر فورس کی شمولیت کو بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ کام کرنے کی عمر کے 8.1 ملین افراد میں سے صرف 2.8 ملین افراد کل وقتی ملازم ہیں۔انہوں نے کہا کہ روانڈا 2035 تک ایک درمیانی آمدنی والا ملک اور 2050 تک اعلی آمدنی والا ملک بننے کی خواہش رکھتا ہے۔

دوسری قومی حکمت عملی برائے تبدیلی (NST-2) کے نفاذ کے ذریعے اسے حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کو پورا کرنے پر مرکوز سیکٹرل حکمت عملیوں کے ذریعے پانچ سالہ ترقیاتی ایجنڈا ہے۔روانڈا کی معیشت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روانڈا کی معیشت نے 2024 کی پہلی ششماہی میں مضبوط ترقی جاری رکھی اور 2022-2023 میں اوسطاً 8.2 فیصد اضافے کے بعد 2024 کی پہلی ششماہی میں حقیقی جی ڈی پی میں 9.7 فیصد اضافہ ہوا۔ 2025-26 میں جی ڈی پی کی نمو کی رفتار برقرار رہنے کی توقع ہے جس کی متوقع اوسط 7.7 فیصد ہے۔