اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں نمایاں اضافہ ہواہے،جاری مالی سال کے دوران سعودی عرب کوپاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر20فیصد اورسعودی عرب سے درآمدات میں 12.43فیصداضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔
سٹیٹ بینک اورپاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے دوماہ میں سعودی عرب کوبرآمدات سے ملک کو114.18ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب کوبرآمدات سے ملک کو95.17ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا،
اگست میں سعودی عرب کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 56.74ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجولائی میں 57.44ملین ڈالر اورگزشتہ سال اگست میں 52.49ملین ڈالرتھا، مالی سال 2024میں سعودی عرب کوبرآمدات سے ملک کو710.35ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سعودی عرب سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر12.43فیصدکااضافہ ہوا،
جولائی اوراگست میں سعودی عرب سے درآمدات پر698.33ملین ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواجومالی سال 2024کی اسی مدت میں 621.12ملین ڈالرتھا، اگست میں سعودی عرب سے درآمدات کاحجم 339.62ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجولائی میں 358.71ملین ڈالر اورگزشتہ سال اگست میں 282.92ملین ڈالرتھا، مالی سال 2024میں سعودی عرب سے درآمدات پر4.492 ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواتھا۔