پاکستان اورنائیجیریا کے درمیان تجارت میں اضافے کے لیے براہ راست فضائی سروس ضروری ہے،ہائی کمشنر محمد بیلو ابیوئے

222

فیصل آباد ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں نائیجیریا کے ہائی کمشنر محمد بیلو ابیوئے نے دوطرفہ تجارت میں اضافےکےلئے دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست فضائی پروازوں پر زور دیاہے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معلومات کے تبادلوں اور تاجروں کے درمیان رابطوں کے فروغ کےلئے انہوں نے ویزا پالیسی کو انتہائی سہل اور آسان بنا دیا ہے ، گزشتہ 2سالوں سے ویزے 48گھنٹوں میں جاری کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی معیشت میں فیصل آباد کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی برآمدات میں ٹیکسٹائل کو خاص اہمیت حاصل ہے۔انہوں نے نائیجیریا کو مواقع کا ملک قرار دیا اور کہا کہ وہاں صنعت و تجارت کے علاوہ ملازمتوں کے بھی مواقع موجود ہیں جن سے پاکستان کے لوگوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو باہمی رابطوں کےلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنا ہوں گی تاکہ تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔

ہائی کمشنرنے بتایا کہ چین اور ملائیشیا نائیجیریا میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جبکہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو بھی ان مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سے وابستہ لوگوں کو نائیجیریا میں بھی اس شعبے کو ترقی دینی چاہیے کیونکہ وہاں وافر مقدار میں کپاس دستیاب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاجو کی صنعت کے فروغ کے لئے بھی پاکستانی سرمایہ کاروں کو آگے بڑھنا ہوگا۔اس سے قبل نائیجیریا کے ہائی کمشنر کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ یہ شہر 1898 میں برطانیہ کے جھنڈے یونین جیک کے نقشے کے مطابق تعمیر کیا گیا، اس شہر نے تیزی سے ترقی کی اور آج یہ ٹیکسٹائل کے مرکزکے طور پر جانا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں انجینئرنگ، فارماسیوٹیکل سمیت بہت سے دیگر شعبوں کے علاوہ ملک کی سب سے بڑی انڈسٹریل سٹیٹ بھی قائم ہے جہاں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ فیصل آباد چیمبر کے بار ے میں انہوں نے بتایا کہ یہ ملک کا دوسرا بڑا چیمبر ہے جس کے 9ہزار ممبران کا تعلق 118سیکٹرز اور سب سیکٹرز سے ہے اور ہم بزنس ایڈووکیسی کے علاوہ بیرون ملک تجارتی وفود بھی بھیجتے ہیں جبکہ بی ٹو بی رابطوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔

اِس سے قبل سوال و جواب کی بھی نشست ہوئی جس میں انجینئر احمد حسن، شیخ محمد فاضل اور بلال طاہر نے حصہ لیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیاجبکہ صدر ڈاکٹر خرم طارق نے نائیجیریا کے ہائی کمشنر کو فیصل آباد چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ ہائی کمشنر محمد بیلو ابیوئے نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ اس تقریب میں نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی اور نائیجیریا کے منسٹر قونصلر محمد تفیدہ کے علاوہ ایگزیکٹو اور ممبران نے بھی شرکت کی۔