راولپنڈی۔16ستمبر (اے پی پی):پاکستان اورنیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) جمعہ کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلاجائے گا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلےگی ۔
سیریز میں شامل تینوں میچز بالترتیب 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک شیڈول پانچوں ٹی -20 میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلا ون ڈے 17 ستمبر کو اور دوسرا ون ڈے 19 ستمبر کو جبکہ تیسرا ون ڈے 21 ستمبرکوکھیلاجائےگا،اس کے بعدقذافی سٹیڈیم لاہور میں پہلا ٹی -20انٹرنیشنل میچ 25 ستمبر کو کھیلا جائے گا، 26 ستمبر کو دوسرا ٹی -20،29 ستمبرکو تیسرا ٹی -20، یکم اکتوبر کو چوتھا ٹی -20 جبکہ 3 اکتوبر کو پانچواں اور آخری ٹی -20 انٹرنیشنل میچ کھیلا جائےگا۔
تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ کیوی ٹیم ٹام لیتھم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔مہمان ٹیم کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔