پاکستان اورچین آج سی پیک کے تحت رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے ترقیاتی معاہدہ پردستخط کریں گے معاہدہ پردستخطوں کی تقریب وزیراعظم ہاﺅس میں منعقد ہوگی

226
گوادر میں سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے چین کی جانب سے 5 ارب یوآن کی گرانٹس فراہم کی گئی ہے، چائنہ اکنامک نیٹ

اسلام آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وزیرمملکت اورچئیرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف آر بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اورچین پیرکو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے ترقیاتی معاہدہ پردستخط کریں گے۔کاروبار کیلئے سازگارماحول فراہم کرنے اورملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کوراغب کرنے کے اس اہم معاہدہ پر دستخطوں کی تقریب وزیراعظم ہاﺅس میں منعقد ہوگی۔ رشکئی خصوصی اقتصادی زون معاہدہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز کو ترقی دینے کے وژن کاعملی اقدام ہے۔وزیرمملکت اورچئیرمین سرمایہ کاری بورڈ نے اتوار کویہاں جاری بیان میں کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے ترقیاتی معاہدہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز کو ترقی دینے کے وژن کاعملی اقدام اور خوشحال و صنعتی پاکستان کی سمت میں ایک قدم ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونزکے قیام میں کافی پیش رفت ہوئی ہے اوریہ زونز اب تجارت اور کاروبار کیلئے تیارہیں، پاکستان اورچین کی قربت کے باعث خصوصی اقتصادی زونز ایک دوسرے پر اقتصادی انحصار کو بڑھانے اورباہمی اقتصادی استفادہ کے حامل ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ خصوصی اقتصادی زونز ایکٹ 2012 کا سیکشن 13 وفاق (سرمایہ کاری بورڈ) ، متعلقہ صوبہ اور خصوصی اقتصادی زون کے ڈویلپرزکو ڈولپمنٹ ایگری منٹ کا پابند بناتاہے۔معاہدہ خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے روڈمیپ فراہم کرتاہے۔جبکہ وفاق، متعلقہ صوبہ اورڈولپر خصوصی اقتصادی زون کی ترقی اوراسے کامیابی سے چلانے کا ذمہ دارہے۔انہوں نے کہاکہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون کا قیام پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ سے عمل میں لایا جائیگا۔ اس ضمن میں خیبرپختونخوا اقتصادی زون ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی اورچائنا روڈ اینڈ بریج کارپوریشن مل کرکام کریں گے۔ایک ہزارایکڑ پرمحیط رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے قیام پر128 ملین ڈالرکی لاگت آئیگی، 6 اگست 2019 کو اسے خصوصی اقتصادی زون کی حیثیت ملی جبکہ اپریل 2019ءمیں رعایتی معاہدے پردستخط ہوئے تھے۔ عاطف آر بخاری نے کہاکہ سرمایہ کاری بورڈنے سی پیک کے تحت سرمایہ کاری کوراغب کرنے،خیبرپختونخواکی جامع ترقی ، ملازمت کے مواقع فراہم کرنے، صنعتی ترقی اوربرآمدات میں اضافہ کیلئے اس خصوصی اقتصادی زون کے قیام کیلئے کام کیا۔سی پیک روٹ کے پہلے جنکشن ہونے کے ناطہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون کو مسابقتی اہمیت حاصل ہے اوریہ غیرملکی بالخصوص چینی سرمایہ کاری کوراغب کرنے کی وسیع استعداد رکھتاہے۔انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری بورڈنے وعدہ کے مطابق خدمات، سہولیات، مالی مراعات اوررعائتیں دینے کیلئے برق رفتاری سے کام کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ رشکئی اقتصادی زون کوکامیاب بنانے کیلئے وفاقی حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 1.8 ارب روپے کا وعدہ کیاہے، اس فنڈ سے اقتصادی زون کو 210 میگاواٹ بجلی اور30 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائیگی۔