اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور عوامی ، اقتصادی و تجارتی رابطوں کو فروغ دے کر موجودہ تعلقات کو مزید و سعت دینے کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں آذربائیجان کے یوم آزادی کی منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی اسپیکر نے آذربائیجان کے یوم آزادی کے موقع پر آذربائیجان کی عوام اور قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک مذہب ، اخوت ، تاریخ و ثقافت کےلازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور گزشتہ 30 سالوں سے دونوں ممالک میں خوشگوار سفارتی تعلقات قائم ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک اہم علاقائی اور عالمی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے ۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کی طرف سے پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کو سراہا ۔انہوں نے دونوں ممالک میں پارلیمانی، اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تعاون کو مزید فروع دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے دونوں ممالک میں اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے وافر مواقع موجود ہیں جنہیں دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد کیلئے بروئے کار لیا جا سکتا ہے ۔
انہوں نے دونوں ممالک میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ محمّد مرزا آفریدی ، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف ، اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی اور دیگر ممالک کے سفراء نے شرکت کی ۔