پاکستان اپنی سر زمین کے کسی پراکسی کے لئے استعمال کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر

117

راولپنڈی ۔ 18 اپریل (اے پی پی) پاکستان اپنی سر زمین کے کسی پراکسی کے لئے استعمال کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے ۔ یہ بات پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہی۔ امریکی قومی سلامتی مشیر کی چیف آف آرمی سٹاف جنر ل قمر جاوید باجوہ سے پیر کوہونے والی ملاقات کا حوالا دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے آرمی چیف کے حوالے سے کہاکہ پاکستان خود ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا شکار ہے، وہ اپنی سرزمین کے کسی پراکسی کے لئے استعمال کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔دریں اثناءآئی ایس پی آر کی طرف سے منگل کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق امریکی قومی سلامتی مشیر جنرل ایچ آر میک ماسٹر نے پیر کو جنرل ہیڈکوارٹرز میں چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقات کی ۔ انہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی و عالمی استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔ اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کاوش کسی امتیاز کے بغیر دہشت گردوں کے خلاف مرکوز ہے ۔ امریکی قومی سلامتی مشیر نے دہشت گردوں اور ان کے ڈھانچے کے خاتمے کے لئے پاکستان آرمی کی کوششوں کااعتراف کرتے ہوئے خطے اور دنیامیں امن و استحکام کے قیام کے لئے امریکی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔