اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):مشیر برائے قانون وانصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کےلئے امدادی سامان کی ترسیل کا سلسلہ جاری رکھے گا، وزیراعظم نے فلسطین اور لبنان کےلئے ریلیف فنڈ قائم کیا ہے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے غزہ اور لبنان کےلئے امداد کی فراہمی جاری ہے۔
ان خیالات کا اظہار مشیر برائے قانون وانصاف بیرسٹر عقیل ملک نے غزہ اور لبنان کے لئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے امدادی سامان کی 13 ویں کھیپ کی غزہ اور لبنان روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 100 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جارہا ہے جس میں خیمے، کمبل اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔ امدادی سامان میں سردیوں سے بچائو کےلئے فیملی ٹینٹس اور گرم کمبل روانہ کئے جا رہے ہیں۔ بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ غزہ کےلئے امدادی سامان لے کر جانے والا ہوائی جہاز عمان، اردن پہنچے گا۔
انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں غزہ کے بھائیوں کےلئے 10 جبکہ لبنان کےلئے 2 امدادی کھیپ روانہ کی جا چکی ہیں اور آج 13 ویں کھیپ روانہ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے غزاہ اور لبنان کےلئے امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=517203