پاکستان اہل فلسطین کے ساتھ تھا اور رہے گا، سانحہ اے پی ایس پشاور کو نہیں بھولے، حافظ طاہر محمود اشرفی کا ٹویٹ

87

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کا کوئی نمائندہ اسرائیل نہیں گیا، سانحہ اے پی ایس پشاور کو نہیں بھولے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ بعض عناصر صرف پاکستان کو بدنام کرنے اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ ریاست پاکستان کا کوئی نمائندہ نہ اسرائیل گیا اور نہ ہی پاکستان کا اسرائیل سے کوئی رابطہ ہے۔ پاکستان اہل فلسطین کے ساتھ تھا اور رہے گا۔ اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم 16 دسمبر 2014ء کے سانحہ اے پی ایس پشاور کو نہیں بھولے، سانحہ اے پی ایس ہمیں دعوت دیتا ہے کہ آیئے مل کر انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کا خاتمہ کریں اور استحکام پاکستان کے لئے پاکستان دشمن قوتوں کے خلاف متحد ہو جائیں