اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):پاکستان نے ایران میں دہشت گرد حملہ کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان 20 مئی 2023 کو ایران کی سراوان کاؤنٹی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں 6 ایرانی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس المناک واقعے پر شہداء کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ساتھ ایرانی حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان اور ایران کے صدر کی حالیہ ملاقات میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہےکہ ، ہم سرحد کے دونوں جانب دہشت گردی کے خاتمے کے لیے باہمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ،پاک ایران سرحد کو امن اور دوستی کی سرحد کے طور پر دیکھتا ہے اور اس مقصد کے لیے ایران کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔