20.5 C
Islamabad
پیر, مئی 5, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل میں تاریخ کی پہلی شفاف بھرتیاں، 71 اضلاع...

پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل میں تاریخ کی پہلی شفاف بھرتیاں، 71 اضلاع سے میرٹ پر نوجوان سائنسدان منتخب

- Advertisement -

اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی اے آر سی)نے اپنی تاریخ میں پہلی بار شفاف اور مثالی طریقے سے ملک کے 71 سے زائد اضلاع سے اہل امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کر کے ایک نئی مثال قائم کر دی ہے۔ ترجمان پی اے آر سی کے مطابق اس عمل میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے جدید زرعی تحقیق میں مہارت رکھنے والے نوجوان سائنسدان منتخب کیے گئے ہیں، جن میں بڑی تعداد گولڈ میڈلسٹ اور اعلیٰ پوزیشن ہولڈرز کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پی اے آر سی کی ساکھ کو متاثر کرنے کی غرض سے چند عناصر سائنسی بنیادوں پر کی گئی بھرتیوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جسے ادارہ سختی سے مسترد کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ادارے میں نان سائنسٹیفک پوسٹوں کو سائنسٹیفک میں تبدیل کر کے جدید زرعی تحقیق کو فروغ دیا گیا ہے، جو کہ ادارے کے دائرہ اختیار میں ہے۔پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی کی قیادت میں ادارے نے قومی زراعت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔

- Advertisement -

ان ہی کوششوں کے باعث پہلی بار پی اے آر سی کو دس ارب روپے سے زائد کی غیر ملکی ریسرچ گرانٹس حاصل ہوئیں، جو کہ ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ڈاکٹر غلام محمد علی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں نہ صرف صدارتی تمغہ امتیاز سے نوازا گیا بلکہ وہ پہلے پاکستانی سائنسدان ہیں جنہیں کوریا نے سائنسی خدمات پر اپنا صدارتی ایوارڈ دیا۔انہوں نے انٹرنیشنل اداروں کے ساتھ ملکر پاکستان میں ہائی ٹیک ٹیکنالوجی متعارف کرائی۔

ادارے کی حالیہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ چائنا کی جانب سے 400 سے زائد جدید زرعی مشینری اور لیبارٹری آلات بطور تحفہ فراہم کئے گئے ہیں، جو تحقیقی صلاحیت کو مزید تقویت دیں گے۔ ملک بھر میں پی اے آر سی کے تحت تقریباً 40 تحقیقی ادارے کام کر رہے ہیں جن میں فصلوں، پھلوں، سبزیوں، فشریز، حیوانات، پولٹری، جینونامکس، بایو ٹیکنالوجی پر تحقیقی کام جاری ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اس کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کرنے والے وہی عناصر ہیں جنہیں ماضی میں مالی بدعنوانیوں پر نکالا گیا۔ پی اے آر سی ایسے افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592371

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں