پاکستان بحرین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، صدر مملکت کی بحرین کے نامزد سفیر سے ملاقات کے دوران گفتگو

127
صدر مملکت

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور بحرین کے مابین مزید مضبوط معاشی ، تعلیمی اور ثقافتی روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہائوس کراچی میں بحرین کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر ثاقب رئوف سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے پاکستان سے ہنرمند لیبر فورس کے تبادلے اور غیر ملکی ترسیلات زر بڑھانے کیلئے کام کریں۔ صدر نے کہا کہ پاکستان سے قابل قدر مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر بحرین کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور افرادی قوت کی برآمد پر توجہ دیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ مختلف سماجی و اقتصادی شعبوں بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں ہنرمند افرادی قوت کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے نامزد سفیر کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے بحرین میں کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔