پاکستان بحرین کے ساتھ معاشی و سماجی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہش مند ہے ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی بحرین کی سپیکر فوزیہ بنت عبداللّه زینال سے ٹیلی فون پر گفتگو

261
پاکستان بحرین کے ساتھ معاشی و سماجی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہش مند ہے ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی بحرین کی سپیکر فوزیہ بنت عبداللّه زینال سے ٹیلی فون پر گفتگو

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور بحرین کے ساتھ معاشی و سماجی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہش مند ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مملکت بحرین کی نمائندگی کونسل کی سپیکر فوزیہ بنت عبداللّه زینال جو عرب بین الپارلیمانی یونین کی صدر بھی ہیں ، سے منگل کو ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے دوران کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بحرین کی سپیکر کو پاکستان میں 13 اور 14 ستمبر کو ترقی کے پائیدار اہداف کے حصول پر ایشیا پیسفک ریجن کی پارلیمانوں کے تیسرے علاقائی سیمینار کے کامیاب انعقاد سے آگاہ کیا جس میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کو اجاگر کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین جنرل اسمبلی کے آئندہ ماہ رونڈا میں ہونے والے اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک میں ہونے والی تباہ کاریوں کے نقصانات کے ازالے کیلئے ہنگامی قرارداد پیش کی جائے گی۔انہوں نے حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران بحرین کی جانب سے فراخدلانہ امداد پر بحرین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے ورلڈ ٹورازم ڈے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بحرین کے سرمایہ کار پاکستان میں سیاحت، صنعت اور فوڈ سیکورٹی میں سرمایہ کاری سے مستفید ہو سکتے ہیں ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی نا صرف پاکستان بلکہ بحرین کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اور آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی ) کے فورمز پر بحرین کی حمایت کا مشکور ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کہ مستقبل میں بھی دونوں برادر ممالک عالمی و علاقائی فورم پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور شہزادہ سلمان بن الخلیفہ کے دورے کی منتظر ہے۔بحرین کی سپیکر فوزیہ بنت عبداللّه زینال نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے دوران ہونے والے نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

انہوں نے پاکستان کی قومی اسمبلی کی میزبانی میں بین الپارلیمانی یونین کے تیسرے علاقائی سیمینار کے کامیاب انعقاد کو سراہا ۔انہوں نے سیمینار میں عالمی موسمیاتی تبدیلی کے مسلسل بڑھتے ہوے اثرات سے ترقی پذیر ممالک خصوصا ایشیا پیسفک خطے کے ممالک کو لاحق خطرات کو موثر انداز میں اجاگر کیا گیا ۔انہوں نے موسمیاتی تباہی سے نمٹنے کیلئے عالمی فنڈز کے قیام کا قومی اسمبلی کے مطالبے کی حمایت کا یقین دلایا۔