اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور برونائی کے درمیان دو طرفہ مشاورت اور تعاون (بی سی سی) کے افتتاحی دور میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعمیری اور بامعنی طور پر مصروف رہنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ بدھ کو پاکستان برونائی دو طرفہ مشاورت اور تعاون کے افتتاحی دور کا ورچوئل طور پر انعقاد کیا گیا۔
افتتاحی دور کی مشترکہ صدارت پاکستان کے سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی اور برونائی کی وزارت خارجہ کے مستقل سیکرٹری پینگیرن نورہاشیمہ بنتی پی جی محمد حسن نے کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بی سی سی کے دوران دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور برونائی کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری اور قریبی ثقافتی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے برونائی کے ساتھ وسیع اور کثیر جہتی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
سیکرٹری خارجہ نے برونائی کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی اور اپنے ہم منصب کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سہولت کاری کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ فریقین نے پاکستان برونائی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعمیری اور بامعنی طور پر مصروف رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔