برمنگھم۔26اگست (اے پی پی):پاکستان بلائنڈکرکٹ ٹیم نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر أئی بی ایس اے ورلڈ بلائنڈ گیمزکا فائنل جیت لیا۔ہفتہ کو برمنگھم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 184 رنز بنائے۔بھارتی بلائنڈ ٹیم کی جانب سے ٹومپکی 76 اور رمیش 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
قومی بلائنڈ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 15 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔محمد سلمان 48، بدر منیر 41 اور نثار علی 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔بلائنڈ کرکٹ ورلڈ گیمز میں پاکستانی ٹیم ناقابل شکست رہی۔قومی ٹیم نے ایونٹ میں بھارت، بنگلہ دیش، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو شکست دی ہے۔پاکستان نے اس سے قبل گروپ مرحلے میں بھارت کو 18 رنز سے شکست دی تھی۔