کولمبو ۔ 25 فروری( اے پی پی)پاکستان بلائنڈکرکٹ ٹیم نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سری لنکا کو106 رنزسے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کر لیا۔ پیر کوسری لنکا میں بلوم فیلڈ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 40 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 448 رنزبنائے جس میں سری لنکا کی جانب سے سلو اوور ریٹ پر 22 رنزکی پنلٹی بھی شامل ہے۔ پاکستان کی جانب سے مڈل آرڈربیٹسمین محمد راشد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 گیندوں پر 179 ناٹ آﺅٹ رنز سکور کئے۔ تیسرے میچ میں پاکستان کی جانب سے بی ون کیٹگری کے شفیع اللہ اور بی ٹوکے معین اسلم کو ون ڈے ڈیبیو کرایا گیا۔ جواب میں سری لنکن ٹیم 40 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنا سکی۔