اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے پاکستان سائنس فاؤنڈیشن اور بلغاریہ کی اکیڈمی آف سائنسز کے مابین تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے اس بات کااظہار منگل کو یہاں بلغاریہ کی سفیر ایرینا گینچیوا سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بلغاریہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں ان تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایس اینڈ ٹی کے شعبہ میں ایک دوسرے کے تجربات اور تحقیق سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
دونوں فریقین نے اس سلسلہ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں اور موجودہ حکومت انہیںابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مہارتوں سے آراستہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلغاریہ بھی پاکستان کے ہیومن ریسورس سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔
بلغاریہ کی سفیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی بہت گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین عوامی روابط اور ثقافتی تبادلوں کو مزید بڑھانے میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔