پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز،شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری

58
پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز،شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری

ملتان۔ 16 جنوری (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس نے پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے دوران شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا گیا۔جس کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین دونوں ٹیسٹ میچوں کے سلسلہ میں ٹیموں کی موومنٹ کے دوران پل نہر نو بہار وہاڑی روڈ سے بابر چوک تک روڈ ہمہ قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔

اسٹیڈیم موڑ سے اسٹیڈیم تک روڈ میچ کے دوران ہمہ قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔شائقین کرکٹ کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کا انتظام فاطمہ جناح کالونی میں کیا گیا ہے۔وہاڑی روڈ سے آنیوالے شائقین کرکٹ بابر چوک کوٹ ربنواز سے دنیا پور بائی پاس روڈ سے ملحقہ فاطمہ جناح کالونی کا گیٹ استعمال کرتے ہوئے پارکنگ ایریا میں داخل ہو سکیں گے۔ملتان شہر سے آنیوالے شائقین وہاڑی چوک پل نہر نوبہار سے ملحقہ فاطمہ جناح کالونی کا گیٹ نمبر ایک (بہاؤالدین زکریا گیٹ) استعمال کرتے ہوئے پارکنگ ایریا میں داخل ہوسکیں گے۔

مظفر گڑھ بہاوولپور روڈ سے آنیوالے شائقین بہاولپور بائی پاس چوک سے ہوتے ہوئے ہیڈ ڈمری نہر سے دنیا پور روڈ پر واقع فاطمہ جناح کالونی کا گیٹ نمبر 6 استعمال کرتے ہوئے پارکنگ ایریا میں داخل ہو سکیں گے۔خانیوال روڈ سے آنیوالے شائقین این ایل سی بائی پاس چوک سے بابر چوک ( کوٹ ربنواز چوک) سے دنیا پور بائی پاس سے ملحقہ فاطمہ جناح کالونی کا گیٹ نمبر 5 استعمال کرتے ہوئے پارکنگ ایریا میں داخل ہو سکیں گے۔

اس حوالے سے پارکنگ ایریا کے اطراف میں ٹریفک ڈیوٹی و سیکیورٹی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے،عوام الناس سے گزارش ہے کہ اپنی گاڑیوں کو مختص کردہ پارکنگ ایریا میں پارک کریں اور ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈنز سے تعاون کریں،پارکنگ اور سٹیڈیم میں داخلہ کے لیے ڈیوٹی پر موجود ٹریفک کے عملہ سے رہنمائی حاصل کریں۔