17.8 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 20, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان بیت المال اور جمہوریہ ترکیہ کی فلاحی تنظیم ٹیکا کی جانب...

پاکستان بیت المال اور جمہوریہ ترکیہ کی فلاحی تنظیم ٹیکا کی جانب سے یتیم بچوں کے اعزاز میں ایک افطار ڈنر کا انعقاد

- Advertisement -

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):پاکستان بیت المال اور جمہوریہ ترکیہ کی فلاحی تنظیم ٹیکا کی جانب سے یتیم بچوں کے اعزاز میں ایک افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا جس میں جمہوریہ ترکیہ کی ایمبیسی کی کونسلر یاپراک ایس (Yaprak Ece)، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ اور ٹیکا کی نمائندہ صالحہ تونا (Saliha Tuna) نے شرکت کی۔ اس پر وقار تقریب میں ترکیہ کے معززین، طالب علموں اور سویٹ ہوم کے 100 یتیم بچوں سمیت 300 کے قریب افراد موجود تھے۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایم ڈی پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے پاکستان کے غریب افراد کے لیے ہمدردی اور خلوص کے جذبے کے اظہار پر ترکیہ کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں ممالک کے برادرانہ باہمی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے ایم ڈی پاکستان بیت المال نے محترمہ صالحہ تونا کی بے لوث قیادت میں ٹیکا کے پاکستان بیت المال کے ساتھ مشترکہ فلاحی اقدامات کو سراہا۔ایم ڈی پاکستان بیت المال نے کہا کہ پاکستان بیت المال اپنے ضلعی سطح تک نیٹ ورک سے ملک بھر کے نادار اور محروم افراد کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے سرگرم ہے۔

- Advertisement -

ملک کے پسماندہ خاندانوں کو غربت کی دلدل سے محفوظ بنانے کے لیے وفاقی حکومت کے وژن پر عمل کرتے ہوئے ہر ممکن اقداما ت اٹھائے جارہے ہیں۔ آئندہ نسلوں کوسنوارنے کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مزدور بچوں کی بحالی کے لیے ملک بھر میں 160سکول مصروف عمل ہیں جبکہ 46سویٹ ہومز میں یتیم بچوں کو رہائش، لباس، تعلیم اور صحت جیسی تمام تربنیادی سہولیات میّسر ہیں، آرفن اینڈ وڈو سپورٹ پروگرام کے تحت بھی غریب اور یتیم بچے اور بچیوں کا مستقبل سنوارا جا رہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ پیدائشی طور پر سننے اور بولنے سے محروم بچوں کے لیے کاکلئر امپلانٹ کی فراہمی سے آئندہ نسلوں کے مستقبل کو روشن بنانے کی بنیاد رکھی جارہی ہے۔

اس موقع پر ایم ڈی پاکستان بیت المال نے ملک کے ہر بچے کو تعلیم، صحت اور خوراک جیسی بنیادی ضروریات فراہم کرتے ہوئے انہیں معاشی و معاشرتی استحصال سے بچانے کے لیے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جموریہ ترکیہ کی فلاحی تنظیم ٹیکا کی نمائندہ صالحہ تونا نے یتیم اور معصوم بچوں کے ہمراہ افطاری کے لمحات پر خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے یتیم بچوں کی بہترین انداز سے کفالت اور تعلیم و تربیت کو یقینی بنانے پر پاکستان المال کی کاوشوں کو سراہا۔ ترکیہ کے سفیر نے پسماندہ افراد کی بہترزندگی کے لیے پاکستان بیت المال اور ترکیہ کی فلاحی تنظیم ٹیکا کی شراکت داری کو مزید مضبوط بناتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573820

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں